تمل ناڈو کے ساحل پر پہنچے سمندری طوفان وردا سے 10افراد ہلاک
ہوگئے ہیں۔ یہ طوفان مغرب-جنوب مغرب کی سمت بڑھ رہا ہے اور گہرے دباؤ کے
علاقے کے کم دباؤ میں تبدیل ہوجانے سے آئندہ چھ گھنٹے کے دوران طوفان
کمزور ہو جائےگا۔ طوفان کے گزر جانے کے بعد چنئی بین الاقوامی ہوائی اڈے
پرآج صبح طیاروں کی آمد و رفت شروع ہوگئی۔طوفان کی وجہ سے پیر کو ہوائی
اڈے پر طیاروں کی آمدورفت مکمل طور پر بند کردی گئی تھی۔ چنئی آنے اور
وہاں سے جانے والی 200سے زیادہ پروازیں رد کرنی پڑی تھیں جبکہ تقریباً
30طیاروں کو حیدرآباد اور بنگلورو کے نزدیکی ہوائی اڈوں پر اتارا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات نے ایک بلیٹن میں کہا ہے کہ گزشتہ چھ گھنٹے کے دوران
20کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے شمالی تمل ناڈو کے اوپر بنا گہرا دباؤ کا
علاقہ مغرب-جنوب مغرب کی سمت بڑھ رہا ہے اور یہ کمزور ہو گیا ہے۔
طوفان
تقریباً ساڑھے پانچ بجے شمالی تمل ناڈو کے اندرونی علاقے میں تھا۔ بلیٹن
میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ 12گھنٹے کے دوران شمالی تمل ناڈو اور جنوبی
کرناٹک کے اندرونی علاقوں کے مضافات میں متعدد مقامات پر شدید بارش کا
امکان ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ طوفان کی وجہ سے چنئی میں چار افراد،کانچی پورم
اور تروولور میں دو دو لوگوں کی اور ولو پورم اور ناگپٹینم میں ایک ایک شخص
کی موت ہوگئی۔تمل ناڈو کے وزیراعلی او پنیرسیلوم حالات پر مسلسل نظر رکھے
ہوئے ہیں۔انہوں نے وردا کی وجہ سے مارے گئے لوگوں کے لواحقین کو چار چار
لاکھ روپے کا معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سمندر کے آس
پاس کے علاقوں سے دس ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر جانے کےلئے کہا گیا
ہے۔ حکومت نے چنئی ،کانچی پورم اور تروولور ضلع میں آج اسکولوں اور کالجوں
کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔